کولکاتہ، 22/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کولکاتہ میں ایک خاتون ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور قتل کے واقعے کے بعد مغربی بنگال میں جونیئر ڈاکٹروں کی بھوک ہڑتال جاری تھی، جو اب ختم ہو گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کے بعد ڈاکٹروں نے ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ متوفی ڈاکٹر کے اہل خانہ کے اصرار اور ان کی جدوجہد کو جاری رکھنے کے عزم کے ساتھ ہڑتال کا اختتام کیا گیا۔ آر جی کار میڈیکل اسپتال میں پیش آنے والے اس دلخراش واقعے کے بعد جونیئر ڈاکٹروں نے گزشتہ 17 دنوں سے احتجاج جاری رکھا تھا۔
مغربی بنگال کے جونیئر ڈاکٹروں نے اپنے مطالبات کے لیے بھوک ہڑتال کی ہوئی تھی۔ ریاستی حکومت نے کہا تھا کہ ڈاکٹروں کو میٹنگ میں شرکت کے لیے اپنی بھوک ہڑتال ختم کرنی ہوگی، لیکن تحریک کی قیادت کرنے والے جونیئر ڈاکٹرس فرنٹ نے واضح طور پر کہا تھا کہ وہ ریاستی حکومت اور ان کے وفد کی شرط قبول نہیں کریں گے۔ بھوک ہڑتال جاری رکھتے ہوئے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ممتا بنرجی سے ملاقات کے لیے کل 45 منٹ کا وقت دیا گیا تھا۔ گزشتہ ہفتہ، 19 اکتوبر، مغربی بنگال کے چیف سکریٹری منوج پنت نے جونیئر ڈاکٹروں کو کل یعنی 21 اکتوبر کو وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کے لیے مدعو کیا تھا۔ ملاقات کا وقت 45 منٹ طے کیا گیا تاہم وزیر اعلیٰ سے جونیئر ڈاکٹروں کی ملاقات 2 گھنٹے تک جاری رہی۔